وڈودرا،09؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) گجرات کے چھوٹااے پور ضلع میں آج علی الصبح ٹینکر سے ایک گاڑی کے ٹکرا جانے کی وجہ سے اس میں سوار دو خاندانوں کے سات افراد ہلاک ہو گئے۔متاثرین میں تین بچے بھی شامل ہیں۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ چھوٹا ادے پور کے رنگپور گاؤں میں اس وقت ہوا جب مدھیہ پردیش میں دھارضلع کے رہنے والے دو خاندانوں کے تمام اراکین ایک بچے کا علاج کروانے کے لئے وڈودرا کے ایک اسپتال جا رہے تھے۔سب انسپکٹر جیین پرمار نے بتایا کہ صبح تقریباً چھ بجے یہاں سے قریب 140 کلو میٹر دور گاؤں کے باہر ایک سڑک پر مخالف سمت سے آنے والا ایک ٹینکر ان کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔حادثے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ کار اور ٹینکر دونوں کا رجسٹریشن نمبر مدھیہ پردیش کا تھا۔حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ٹینکر میں کیا تھا ۔پولیس افسر نے بتایا کہ حادثے کے بعد کچھ مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچے اور متاثرین کو گاڑی سے باہر نکالا۔انہوں نے بتایا کہ دو بچوں سمیت کئی خواتین کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر بچے نے چھوٹا ادے پورکے ایک اسپتال میں دم توڑ دیا۔